عالمی امور میں پاکستان اٹلی کے نقطہ نظر میں مماثلت حوصلہ افزاء : شاہ محمود

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور اٹلی نے پارلیمانی روابط کے فروغ، دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ہے۔ تفصیل کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات وزارت خارجہ میں ہوئے۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ اطالوی وفد کی قیادت ہم منصب لیوگی دے مایو کر رہے تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کرونا وبا کے دوران قیمتی جانوں کے نقصان پر اطالوی ہم منصب کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ جس طرح اٹلی نے کرونا وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے وہ قابل تحسین ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، اٹلی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی سطح پر پاکستان اور اٹلی کے درمیان مربوط اشتراک، مستحکم تعلقات کا مظہر ہے۔ اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان اور اٹلی کے نقطہ نظر میں مماثلت حوصلہ افزا ہے۔ وزیر خارجہ نے، جی ایس پی پلس سٹیٹس اور فیٹف کے حوالے سے، اٹلی کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر اطالوی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے اٹلی کی جی 20 کی صدارت سنبھالنے پر، اطالوی وزیر خارجہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ جی 20 کی طرف سے افغانستان کی صورتحال پر کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ وزیر خارجہ نے اطالوی ہم منصب کو اپنے حالیہ چار ملکی دورے کے حوالے سے کہا کہ میں نے تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان اور ایران کی قیادت کے ساتھ، افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں درپیش چیلنجز اور علاقائی سطح پر متفقہ لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے مشاورت کی اور انہیں پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ اٹلی کے وزیر خارجہ گزشتہ روز فارن آفس پہنچے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اٹلی کے وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ کے سبزہ زار میں پودا لگایا۔

ای پیپر دی نیشن