کراچی(کامرس رپورٹر ) ملک میں در آمدی کوئلے کی ہینڈلنگ کرنے والے واحد ٹرمینل پی آئی ٹی سی پر ٹرمینل انتظامیہ کے مبینہ ناروا سلوک کے باعث ٹرانسپورٹرز نے کام بند کردیا ہے جس کے نتیجے میںبندرگاہ سے ملک بھر میںکوئلے کی ترسیل رک گئی ہے اور در آمدی کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس اور سیمنٹ کے کارخانوںکے بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پی آئی ٹی سی پر انتظامیہ کی جانب سے گیٹ پاس کی مد میں چارجز میں اضافہ پر ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج ہیں اور ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ گیٹ پاس میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے جبکہ پی آئی ٹی سی کے پاس لوڈرز کی بھی کمی کے جس کے باعث گاڑیوں کو ٹرمینل کے اندر کوئلے کی لوڈنگ کیلئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے ،ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ بعض نجی کمپنیوںکی گاڑیوںکا بناء نمبر اور کلینر کے لوڈ کیا جاتا ہے اور لوڈنگ کے عمل میںغیر منصفانہ رویہ اختیار کیا جارہا ہے۔