لاہور(اسپورٹس رپورٹر) پیرااولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ حیدر علی ٹوکیو سے لاہور واپس پہنچ گئے، علامہ اقبال ائیرپورٹ پر صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے خوش آمدید کہا اور پھولوں کے ہار پہناکر مبارکباد دی۔ائیرپورٹ پر استقبال کرنے والوں میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نمائندے نصر اللہ رانا سمیت بڑی تعداد میں کھیلوں سے وابستہ افراد حیدر علی کے گھر والے اور ان کے دوست احباب بھی پہنچے، اس موقع پر حیدر علی زندہ باد، پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔اس موقع پر قومی ہیرو حیدر علی نے کہا کہ قوم کی دعائوں سے یہ میڈل جیتا، عوام کا شکر گزار ہوں، گولڈ میڈل جیتنا میرا خواب تھا، گھر میں رہ کر 5 سال تک خود ٹریننگ کی۔ حیدر علی نے یہ کامیابی اور گولڈ میڈل پوری قوم کے نام کیا ہے۔