اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+خبرنگار خصوصی) شمالی وزیرستان میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کیپٹن عبدالولی وزیر کی نماز جنازہ ان کے آبائی شہر کری کوٹ، وانا، جنوبی وزیرستان میں ادا کر دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں سول و عسکری حکام سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کیپٹن عبدالولی وزیر کیڈٹ کالج وانا میں پڑھا تھا اور حال ہی میں اس کی شادی ہوئی تھی۔ تدفین کے بعد انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کانسٹیبلری میجر جنرل محمد منیر افسر نے شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی جب کہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ کیپٹن عبدالولی شہید نے دہشت گردوں کے خلاف آئی بی او کے دوران شہادت کو گلے لگایا جس میں4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ پی پی پی چئیرمین و وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا میرانشاہ میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 5 جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا حوالدار غلام علی، لانس نائیک الیاس اور سپاہی ظفر اللہ کو بھی سلام پیش کیا ہے۔ شہداءقوم کے اصل ہیرو ہیں، قوم کو اپنے بہادر جوانوں اور وطن کے سرفروشوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شہداءکے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
سپرد خاک
دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید کیپٹن سپردخاک، بلاول کا اظہار افسوس
Sep 07, 2022