پی این سی اے فنون لطیفہ کے فروغ کےلئے کوشاں ہیں ،انجینئر امیر مقام 


اسلام آباد(خبر نگار)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی، عوامی امور اور قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) کے تزئین و آرائش شدہ آڈیٹوریم کا افتتاح کیا۔ پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل اور دیگر سینئر حکام نے مشیر وزیراعظم کو کونسل آڈیٹوریم میں تزئین و آرائش، جدید آلات کی تنصیب اور جدید ترین نشستوں کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کے قومی ورثے اور ثقا فت کو اجاگر کرنے کےلئے پرعزم ہے۔ پی این سی اے کا مقصد فنون لطیفہ کے فروغ کے لیے سازگار ماحول بنانا ہے جہاں فنون ہر ایک اور فنکاروں کے لیے قابل رسائی ہوں۔ وزیر اعظم کے مشیر نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) کو ہدایت کی کہ وہ چاروں صوبوں میں فن اور ثقافت کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے تاکہ ملک کے سافٹ امیج کو فروغ دیا جا سکے۔ وزیر اعظم کے مشیر نے ملکی ثقافت اور ورثے کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پی این سی اے کو آرٹ اور کلچر کے فروغ کے لیے زیادہ فعال کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ اسے بین الاقوامی سطح پر پہچان مل سکے اور دنیا کے مختلف حصوں سے لوگ پاکستان کا دورہ کریں۔ 6 ستمبر کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ 6 ستمبر ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیے عہد کریں کہ ہم اپنے اتحاد کے ذریعے تمام اندرونی اور بیرونی خطرات کو 1965 کی طرح شکست دیں گے۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ 1965 کی جنگ ملکی دفاعی تاریخ کا ایک شاندار باب ہے کیونکہ پاک فوج نے ہر محاذ پر بہادری کی شاندار مثالیں قائم کیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت پورا ملک سیلاب اور طوفانی بارشوں سے بری طرح متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب نے ملک بھر میں انسانی نقصانات، سڑکوں اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا ہے۔ 
 انجینئر امیر مقام 

ای پیپر دی نیشن