ممنوعہ فنڈنگ کیس، پی ٹی آئی کو شوکاز کے جواب کیلئے مزید 2 ہفتے کی مہلت 

Sep 07, 2022


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جواب جمع کرانے کے لیے مزید 2 ہفتے کی مہلت دے دی۔ تفصیلات کے مطا بق الیکشن کمشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے کی۔سما عت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور الیکشن کمشن کے سامنے پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر میں سپریم کورٹ میں مصروف تھا اورہم نے 4 ہفتے کی مہلت مانگی تھی، پی ٹی آئی غیرملکی چیپٹرز سے معلومات مانگی ہے اسے موصول ہونے میں وقت لگے گا۔ رکن کمشن کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا اس ریکارڈ پر بھی 8 برس لگیں گے؟۔ شاہ خاور نے جواب دیا کہ یہ 10 برس پرانا ریکارڈ ہے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ دو ہفتے تو گزر گئے ہیں۔ ممبر الیکشن کمشن نے کہا کہ پہلے ہی اس کیس کی سماعت 8 سال چلی تھی۔ وکیل پی ٹی آئی شاہ خاور نے کہاکہ  جو پاکستانی ڈونرز ہیں ان کے نائیکاپ اور دیگر دستاویزات منگوائی ہیں۔ الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کو مزید 2 ہفتے کی مہلت دے دی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اپنے جواب پہلے جمع کرا دیں تاکہ اگلی سماعت پر دلائل شروع ہو سکیں۔ کیس کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں