اسلام آباد (نامہ نگار) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کہا ہے کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے فی یونٹ بجلی 3روپے 39پیسے تک مہنگی ہو گی۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 95ارب 14کروڑ روپے کا اضافہ مانگا تھا۔ دورانِ سماعت اتھارٹی کو بتایا گیا کہ سہ ماہی کے دوران ڈالر 200روپے تک جانے کا تخمینہ تھا، جو 240 روپے تک بھی گیا۔ نیپرا حکام نے بتایا کہ سہ ماہی کے دوران کیپیسٹی پرچیز پرائس 55ارب روپے تک پہنچ گئی۔ سماعت مکمل ہونے پر نیپرا حکام نے بتایا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے فی یونٹ بجلی 3روپے 39پیسے تک مہنگی ہو گی، یہ اضافہ اکتوبر سے دسمبر تک ہر ماہ 3روپے 39پیسے فی یونٹ وصول ہو گا، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا حتمی تفصیلی فیصلہ جانچ پڑتال کے بعد جاری ہو گا۔ اس سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک پر نہیں ہو گا۔ چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ اس سہ ماہی کی وصولی شروع ہو گی تو پرانی ایڈجسٹمنٹس کی وصولیاں ختم ہو جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت 3 روپے 20 پیسے فی یونٹ کی پچھلی ایڈجسٹمنٹس وصول کی جا رہی ہیں۔ اس طرح سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا مجموعی اثر 19پیسے فی یونٹ رہ جائے گا۔