اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)بینک دولت پاکستان اور زمین ڈاٹ کام کے حکام نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس ایم او یو کے تحت زمین ڈاٹ کام ملک کے شہری علاقوں کی رہائشی اور تجارتی املاک کی قیمتوں اور کرایوں وغیرہ کے بارے میں ڈیٹا اسٹیٹ بینک کو فراہم کرے گا۔ اسٹیٹ بینک اس ڈیٹا کو مکانات کی قیمتوں کے تجزیے اور متعلقہ اشاریوں کی تیاری کے ساتھ اس معلومات کو اپنی مطبوعات، ورکنگ پیپرز اور رپورٹس میں بھی استعمال کرے گا۔ مکان کی مجموعی قیمت اور کرایوں کے گذشتہ چار برسوں کے اشاریے بھی اسٹیٹ بینک کے پورٹل ایزی ڈیٹا پر دستیاب ہوں گے۔اس موقع پر ڈپٹی گورنر (پالیسی) ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے زمین ڈاٹ کام کے ساتھ ایم او یو پر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کی محدود دستیابی سمیت متعدد عوامل کی وجہ سے پاکستان میں ریئل اسٹیٹ کے شعبے پر بہت کم تحقیق کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریئل اسٹیٹ شعبے میں قیمتوں کے رجحانات پر قابل بھروسہ معلومات کی عدم موجودگی میں گھرانوں کے اثاثے مختص کرنے کے فیصلوں کو سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں اداروں کے درمیان سمجھوتے سے اس کمی کو پورا کرنے میں بڑی حد تک مدد ملے گی۔زمین ڈاٹ کام کے سی ای او ذیشان علی خان نے اپنے خیالات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ باخبر فیصلے کرنے اور مو¿ثر پالیسیاں تشکیل دینے میں اعانت کے لیے قابل قدر ڈیٹا کی فراہمی میں اسٹیٹ بینک کے ساتھ شراکت داری پر انہیں بے حد خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی بینک کے ساتھ اشتراک اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کی ریئل اسٹیٹ کی صنعت کو ڈجیٹل بنانے اور بدلنے کے لیے زمےن ڈاٹ کام جو کام کر رہا ہے وہ کتنا مفید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمین ڈاٹ کام نے عوام کو نئے اور درست ڈیٹا کی فراہمی کے حوالے سے اپنی ساکھ قائم کی ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ اسٹیٹ بینک اس ڈیٹا کو عوام اور تعمیرات کی صنعت دونوں کے فائدے کے لیے استعمال کرے گا۔
ایم او یو
سٹیٹ بینک اور زمین ڈاٹ کام میںمفاہمت کی یادداشت پر دستخط
Sep 07, 2022