اسلام آباد؍ لاہور؍ کراچی (عبدالستار چودھری + نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد میں فوج کے شہداء کے لیے قرآن خوانی اور ملکی استحکام کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ ائیر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے پریڈ معائنے کے بعد بابائے قوم کے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے مزار پر ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل سید آصف حسین نے حاضری دی، چادر چڑھائی۔ جبکہ استحکام پاکستان کی خصوصی دعا، شہداء اور علامہ اقبال کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد شہباز خان نے بھی مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ یوم دفاع کی مناسبت سے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہداء جی ایچ کیو میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ انسپکٹر جنرل آرمز لیفٹیننٹ جنرل سلمان فیاض غنی نے جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور اس موقع پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے مزار قائد پر حاضری دی۔ کور کمانڈر کراچی نے کیپٹن طحہ مرتضی ہاشمی (شہید) کی قبر پر بھی حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں کور کمانڈر نے نائیک امجد علی شاہ بخاری شہید کی رہائش گاہ کا دورہ بھی کیا۔ کور کمانڈر نے فاتحہ خوانی کی اور شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ یادگار شہداء پشاور میں بھی پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب منعقد ہوئی۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ میجر جنرل کامران نذیر ملک نے 1948 میں تلپتری (آزاد کشمیر) میں شہادت قبول کر کے پہلا نشان حیدر حاصل کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ میجر جنرل تبسم حارث نے میجر طفیل محمد شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ میجر جنرل ہارون اسحاق راجہ نے گجرات کے قریب لدیاں میں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ جہلم میں میجر جنرل ندیم اشرف نے شہید میجر محمد اکرم کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ لاہور میں میجر جنرل ملک امیر محمد خان نے شہید میجر شبیر شریف کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ جنرل ممتاز حسین نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ میجر جنرل امجد علی خان خٹک نے گوجر خان کے قریب ڈھوک محمد حسین میں سوار محمد حسین شہید کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ مشاہد حسین سید نے قائمہ کمیٹی دفاع کے ارکان کے ہمراہ لانس نائیک سوار محمد حسین شہید کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ صوابی میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی یادگار نشان حیدر پر پھول چڑھانے کی تقریب منعقد ہوئی۔ میجر جنرل محمد عمر بشیر نے شہید کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ میجر جنرل جواد احمد قاضی نے حوالدار لالک جان شہید کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ نکیال سیکٹر میں نائیک سیف علی جنجوعہ شہید، ہلال کشمیر (نشان حیدر کے برابر) کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا اور میجر جنرل محمد عرفان خان نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ شہداء کے متعلقہ رجمنٹل سینٹرز اور یونٹس کے دستوں نے بھی اپنے عظیم سپہ سالار کے شاندار کارنامے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سلامی پیش کی۔
یوم دفاع جوش و جذبے سے منایا گیا، شہداء کے مزاروں پر تقریبات، خراج عقیدت
Sep 07, 2022