عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ علماءو مشائخ کا اولین فریضہ ہے: منور جماعتی


لاہور (خصوصی نامہ نگار) عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ علماءو مشائخ کا فریضہ اولین ہے‘ محافظ ختم نبوت حضرت ابوبکر صدیقؓ سے لے کر امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوریؒ تک ہمارے اسلاف اسی عقیدہ کے تحفظ کےلئے میدان عمل میں رہے، خواجہ پیر مہر علی گولڑویؒ اور قبلہ امیر ملتؒ نے مرزا قادیانی کا تعاقب کر کے اُسے کیفر کردار تک پہنچایا، ہم عظمت صحابہ واہل بیت نبوت کا دفاع آخری سانس تک کرتے رہیں گے۔ پاکستان اولیاءاللہ کا فیضان ہے‘ تا قیامت قوم مسلم کو رہنمائی تاجدار ختم نبوت حضرت محمد مصطفیٰ سے ملتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے دربار عالیہ حضرت امیر ملت علی پور سیداں شریف پر منعقدہ 72ویں سالانہ عرس مبارک امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوریؒ کے موقع پر 121ویں عالمی تاجدار ختم نبوت کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں ملک بھر سے کثیر تعداد میں علماءکرام و مشائخ عظام کے علاوہ مریدین، متعلقین اور متوسلین نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیر ملتؒ کے فیضان سے پاکستان کا قیام ہوا، تحریک پاکستان سے تحریک ختم نبوت تک پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوریؒ نے مسلمانانِ پاک و ہند کی رہنمائی فرمائی اور آج ہم آپ کے مشن کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔
منور جماعتی

ای پیپر دی نیشن