لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ ستمبر کی جنگ پاکستانی قوم کیلئے وقار اور لازوال داستان کا درجہ رکھتی ہے۔ دفاع پاکستان قوم میں ایک نئی امنگ پیدا کرتا ہے دفاع جتنا مضبوط ہو قوم بھی اتناہی مضبوط اور فخر محسوس کرتی ہے۔
شہیدوںنے اپنا کل ہماری آنے والی نسلوں اور ہمارے آج کے لیے قربان کیا ہے۔ ملت پاکستان 6 ستمبر شہیدوں اور غازیوں کو یاد کرنے کا دن ہی نہیں بلکہ اپنی عظمت کا نشان سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم اپنے جرات مند فرزندوں، شہیدوں، مجاہدوں کی بہادری اور حب الوطنی پر کیوں ناز نہ کرے جنہوں نے اپنے ملک کی سالمیت و حفاظت کے لیے اپنی خوبصورت جان بلند حوصلہ کے ساتھ ہمارے آنے والے کل کے لیے قربان کر دی ۔پاکستانی قوم رہتی دنیا تک اپنے ان شہید مجاہدوں اور غازیوں کو سلام پیش کرتی رہے گی۔ہمیں دشمنوں کے ناپاک عزائم کو سب نے مل کر خاک میں ملانا ہے جو ہمیں آپس میں دست گریبان رکھنے کے لیے کوشاں ہیں۔