پاک فوج پر فخر ہے: اشرف آصف جلالی  لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ اشرف آصف جلالی نے کہا کہ دشمن کے دانت کھٹے کرنے والی افواج پر قوم کو فخر ہے۔

 زمینی، فضائی اور بحری محاذوں پر ہماری افواج کی جوانمردی کی داستانیں ضرب المثل بن چکی ہیں۔ سرحدوں کا تحفظ ہو یا شہروں سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو، پاک فوج کے جوانوں نے اپنا خون پیش کیا ہے۔ سیلاب، زلزلہ یا کوئی بھی ہنگامی حالات ہوں، پاک فوج کے چاک و چوبند جوان سرفہرست نظر آتے ہیں۔ پاکستان قدرت کا ایک حسین تحفہ ہے اور اس کا دفاع بہت بڑا کارِ ثواب ہے۔ پاک فوج اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور ایمانی جذبہ کی وجہ سے دنیا کی منفرد فوج ہے۔ ملک دشمن قوتوں کے ایجنٹ پاک فوج کی خلاف بد گمانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ وہ اپنے ذاتی مفادات اور ضمیر فروشی کی وجہ سے ملکی استحکام کو داؤ پر لگانا چاہتے ہیں۔ پاکستان ان شاء اللہ صبح قیامت تک قائم رہے گا۔پاکستان کے دشمن اپنی موت آپ مر جائیں گے۔ پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ نظریاتی سرحدوں کا تحفظ بھی ضروری ہے۔ نظریہ پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبانا ضروری ہے۔ تقریب ایصال ثواب میں علامہ محمد احمد جلالی، علامہ محمد رضوان اکرم جلالی، علامہ محمد ساجد جلالی، مفتی محمد عبد الصبور رضوی، علامہ محمد ہاشم جلالی، علامہ محمد عثمان جلالی، مولانا محمد الطاف جلالی و دیگر نے شرکت کی۔ تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے میڈیا ایڈوائزر مولانا محمد جمیل بیگ جلالی کے مطابق تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم اور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام سالانہ ’’تاجدارِ ختم نبوت ﷺ کانفرنس‘‘ ان شاء اللہ تعالیٰ آج 07ستمبر کو بعد از نماز مغرب مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں منعقد ہو گی جس میں قائد اہل سنت مولانا الشاہ احمد نورانی صدیقی، مجاہد ملت مولانا عبد الستار خان نیازی، حضرت علامہ عبد المصطفیٰ ہزاروی و دیگر اکابرین اور غازیانِ ختم نبوت کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی اپنا تحقیقی مقالہ پیش کر یں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن