اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ ریاستوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کا احترام ضروری ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے چین کے صوبے سنکیانگ کے بارے میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ہائی کمشنر کی رپورٹ سے متعلق بیان میں کہا کہ پاکستان سنکیانگ صوبے میں سماجی اور اقتصادی ترقی، امن اور استحکام کے لیے چین کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ چین نے 35 سالوں میں 70 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ کے ساتھ چین کی تعمیری مصروفیات کو سراہتے ہیں۔ چین کے اقدامات سے لوگوں کے حالات زندگی بہتر ہوئے ہیں، انہیں بنیادی انسانی حقوق میسر ہوئے۔ دفترخارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کو عالمی سطح پر آگے بڑھانے کے لیے اپنے مستقل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ بطور رکن پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے۔ سیاسی آزادی، خود مختاری اور ریاستوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کا احترام ضروری ہے۔