اسلام آباد(آئی این پی )گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ میں افغانستان کی سرحد کے قریب واقع وادی چپرسن میں ماونٹین شاپ کے نام سے ای کامرس کا کاروبار جاری ،پچھلے دو سالوں میں اب تک 150 سیلز وومین رجسٹر ہو چکی ہیں،نیشنل انکیوبیشن سینٹر پروگرام میں 1,100 خواتین کی تربیت،لیڈیز کیلئے ماونٹین شاپ پر رجسٹریشن مفت۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ میں افغانستان کی سرحد کے قریب واقع وادی چپرسن کی رہائشی عزیزہ سولح اپنے علاقے میں ماونٹین شاپ کے نام سے ای کامرس کا کاروبار کر رہی ہے۔ پچھلے دو سالوں میں اب تک 150 سیلز وومین رجسٹر ہو چکی ہیں۔ ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے عزیزہ نے کہا کہ کوویڈ 19 کی وبا کے دوران وہ ضلع ہنزہ میں تھیں، اس لیے اس نے لاک ڈاون کی وجہ سے آن لائن کاروبار شروع کرنے کا منصوبہ بنایا۔ ابتدائی طور پریہ آن لائن مصنوعات کی فروخت پر مبنی ایک عام ای کامرس آئیڈیا تھا۔ جب اس نے ہنزہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا تو اس نے محسوس کیا کہ مقامی خواتین معیاری مصنوعات بنا سکتی ہیں لیکن ان کے پاس کوئی اچھا پلیٹ فارم نہیں ہے۔گلگت بلتستان میں سیاحوں کی آمد کی وجہ سے گرمیوں کے موسم میں ہمیشہ اچھا کاروبار ہوتا ہے اور وہاں ہمیشہ سیاحوں کی آمدورفت ہوتی ہے۔ سخت موسم کی وجہ سے سردیوں کے دوران کاروبار کم ہو جاتا ہے۔ ہمیں یہ شعور اجاگر کرنا تھا کہ آن لائن کاروبار موسمیاتی مسائل سے بالا ہے۔ اس کا مقصد خواتین کو مالی طور پر خود مختار بنانا ہے تاکہ وہ ماونٹین شاپ کے ذریعے آن لائن کاروبار کر سکیں۔ عزیزہ نے نیشنل انکیوبیشن سینٹر پروگرام میں حصہ لیا جہاں 3,000 افراد نے درخواست دی اور 1,100 کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ وہ ان لوگوں میں سے ایک تھی جنہوں نے اپنے کاروباری آئیڈیاز کو کامیابی سے رجسٹر کیا۔
اب وہ چاہتی ہیں کہ اس کے علاقے کی دیگر خواتین بھی ان کی طرح آگے آئیں اور کاروبار میں اپنا نام بنائیں۔ ہم نے 20 خواتین کے ساتھ ماونٹین شاپ شروع کی جو ہماری مصنوعات بیچنے والی تھیں۔ اس وقت ماونٹین شاپ پر 150 خواتین رجسٹرڈ ہیںجب کہ 2022 کے آخر تک ہمارا ہدف ہنزہ سے 200 خواتین کو رجسٹر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلز وومن خواتین تاجروں سے پروڈکٹ چن کر ماونٹین شاپ پر فروخت اور مارکیٹ کرتی ہیں۔ عزیزہ نے کہا کہ خواتین اگر کوئی اپنے کاروبار کو متعلقہ محکموں میں رجسٹر کروانا چاہتی ہیں توماونٹین شاپ پر رجسٹریشن مفت ہے، جس کے ذریعے ہم خواتین کو براہ راست مارکیٹ سے جوڑتے ہیں۔ ماونٹین شاپ کے مالک نے کہا کہ اس کا پلیٹ فارم دستکاری، قیمتی پتھر اور سلاجیت پیش کرتا ہے اور اب وہ کوہ پیمائی کا سامان شامل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ہم نے بہت سی خواتین کو تربیت دی جو آن لائن ادائیگی کے نظام کو استعمال کرنا نہیں جانتی تھیں۔ ہم ڈیجیٹل مالیاتی نظام کی مدد کے لیے بینک الفلاح کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لیے اپنی ویب سائٹ پر مزید خصوصیات شامل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، اور کچھ پراڈکٹس کو نئے برانڈز اور لوگو کے ساتھ لانچ کرنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔ ابھی تک ماونٹین شاپ کو کوئی بیرونی سرمایہ کاری نہیں ملی ہے۔ یہ پہلے اپنے کاروبار کو برقرار رکھنے اور پھر فنڈ ریزنگ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ عزیزہ نے کاروبار کو فروغ دینے میں این آئی سی کے کردار کی تعریف کی جودور دراز علاقوں سے خواتین کو اٹھانے کے لیے بہت اچھا کام کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے این آئی سی کی مدد سے کاروباری نمائش حاصل کی ہے جہاں مجھے معروف تاجروں اور اسٹارٹ اپ ٹرینرز سے ملنے کا موقع ملا۔