لاہور(کامرس رپورٹر) چیئرمین ریو نیو ایڈوائزرز ایسوسی ایشن عامر قدیر نے کہا ہے کہ بد ترین سیلاب کے باعث رواں مالی سال کے دوران شرح نمو ہدف سے انتہائی کم رہنے کا امکان ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق سیلاب سے ملکی معیشت کو 2 ہزار ارب سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے اور مکمل اعدادوشمار سامنے آنے پر اس میں مزید اضافے کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت پہلے ہی سسکیاں لے رہی تھی اور رہی سہی کسر بد ترین سیلاب نے نکال دی ہے۔ سیلاب کے باعث سالانہ ترقیاتی پلان میں دئیے گئے اہداف حاصل نہیں ہو سکیں گے۔ لائیو سٹاک اور زراعت کے شعبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور رواں مالی سال اہم فصلوں کا ہدف 3.9 فیصد سے کم ہو کر 0.7 فیصد رہنے کا امکان ہے جس سے ہمیں خوراک کے لئے درآمدات پر انحصار کرنا پڑے گا جس سے درآمدی بل میں کئی گنا اضافے ہو جائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ رپورٹس کے مطابق صنعتی شعبے میں گروتھ کاہدف 5.9فیصد سے کم ہو کر1.9 فیصد ، خدمات کے شعبے میں گروتھ کا ہدف 5.1 فیصد سے کم ہو کر 3.5 فیصد رہ سکتا ہے جو معیشت کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے ۔انہوںنے کہا کہ حکومت فوری طور پر ایک گروپ تشکیل دے جو ملکی معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے دوست ممالک اور ڈیولپمنٹ پارٹنر سے تعاون حاصل کرنے کے لئے حکمت عملی مرتب کر کے رابطوں کا سلسلہ شروع کرے۔