لاہور(کامرس رپورٹر ) اپٹما اور انٹرنیشنل کاٹن ایسوسی ایشن (آئی سی اے) نے پاکستان میں ٹکسٹائل انڈسٹری کی کپاس کی ضروریات پوری کرنے کیلئے باہمی تعاون پر اتفاق رائے کیا ہے۔آئی سی اے کے ایک وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر کی قیادت میںگزشتہ روز اپٹما کا دورہ کیا۔ صدر آئی سی اے نے ماہ اکتوبر میں پاکستان میں ایک ٹریننگ ورکشاپ کروانے کا بھی اعلان کیا جس کا مقصد اپٹما ممبران کو کپاس کی عالمی تجارت کے اصولوں سے آگاہی دینا ہوگا۔ اس موقع پر آئی سی اے کے وفد نے اپٹما اراکین کی ایسوسی ایشن کی رکنیت، اس کے مصالحتی کردار اور کپاس کی فراہمی میں تاخیر ایسے مسائل پر رہنمائی کی۔ صدر آئی سی اے نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد جنوبی ایشیا کے اہم ملک کے ساتھ تعلقات کو استوار کرنا ہے۔ چیئرمین اپٹما عبد الرحیم ناصر نے آئی سی اے کو ٹریننگ ورکشاپ کیلئے اپٹما کے دفاتر کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی اے کو پاکستان میں اپنا دفتر بھی قائم کرنا چاہیے تاکہ کپاس کی درآمد کیلئے اپٹما اراکین کی مناسب رہنمائی ہو سکے۔ سیلابی صورت حال کی وجہ سے پاکستان میں کپاس کی فصل متاثر ہوئی ہے۔ اس لئے انڈسٹری کو اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے بیرون ملک سے کپاس درآمد کرنا پڑے گی۔ چیئرمین نارتھ زون حامد زمان نے کپاس کی درآمد میں انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آئی ڈی اے وفد کو آگاہی دی اور آخر میں سنیئر وائس چیئرمین کامران ارشد نے وفد کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔