اسلام آباد (خبر نگار )ملک کے معروف غیر ملکی سرمایہ کار بیسٹ وے گروپ نے پاکستانی عوام کے لیے ایک ملین امریکی ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ بیسٹ وے گروپ لندن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں گروپ کے سی ای او لارڈ ضمیر چوہدری (CBE SI Pk) نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ بیسٹ وے گروپ حالیہ قومی سانحہ کے موقع پر ان کے ساتھ کھڑا ہے، ہماری دو جہتی حکمت عملی کے طور پر ہم ایک طرف تو فوری ریلیف فراہم کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب مقامی کاروباری اور مالیاتی اداروں کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے ،طویل المدتی پائیدار اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ہم اس سانحہ کے متاثرہ عوام کی بحالی کر سکیں، مزید برآں بیسٹ وے گروپ لندن کی جانب سے آزاد ہول سیل اور ریٹیل نیٹ ورک کے ذریعے فنڈ ریزنگ مہم شروع بھی کی گئی ہے۔لارڈ ضمیر چودھری نے اعلان کیا ہے کہ بیسٹ وے گروپ 23 ستمبر 2022 کو سینٹرل لندن کے مقام پر ایک فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کرے گا جس میں 500 سے زائد لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔
پاکستان میں بیسٹ وے گروپ کے ذیلی اداروں، بیسٹ وے سیمنٹ لمیٹڈ اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ نے طبی کیمپ لگائے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کھانے کے پارسل، پکا ہوا کھانا تقسیم کر رہے ہیں اور بینکنگ کی ضروری سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔