اسلام آباد ( وقائع نگار )پاکستان میں بینائی سے محرومی اور آنکھوں کی بیماریوں میں کمی: قومی سروے پاکستان میں 50 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد میں نابینا پن اور بصارت سے متعلق مسائل میں قابل ذکر کمی آئی ہے کیونکہ تازہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ تناسب سات فیصد سے کم ہو کر صرف دو فیصد رہ گیا ہے۔ اس بات کا انکشاف وفاقی وزارت صحت کی جانب سے منعقد کردہ تیسرے قومی سروے برائے نابینا پن و بصارت کے نتائج میں کیا گیا ۔ نتائج کا اعلان اسلام آباد میں ایک تقریب میں کیا گیا۔ ان معلومات کا ذکر پروفیسر اسد اسلم خان (ستارہ امتیاز)، نیشنل کوآرڈینیٹر ، پریوینشن آف بلاینڈ نس پروگرام پاکستان، اور چیئر مین نیشنل کمیٹی آف آئی ہیلتھ نے تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر شازیہ سومرو اور وزارت صحت کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شبانہ سلیم سمیت این جی اوز، آئی این جی اوز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سائٹ سیورز کی کنٹری ڈائریکٹر منزہ گیلانی، ایف ایچ ایف کے کنٹری منیجرفاروق اعوان، بی ایچ ایف کے کنٹری منیجرخالد خان اور سی بی ایم کے کنٹری ڈائریکٹر سید علی شاہ نے نجی اور سرکاری دونوں سطح پر تمام شراکت داروں کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔ پارلیمانی سیکرٹری صحت، ڈاکٹر شازیہ سومرو نے کہا کہ تیسرے سروے کے نتائج بہت حوصلہ افزا ہیں ۔
ایف آئی اے نے ہنڈی حوالہ میں ملوث3ملزمان گرفتار کر لیے
اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)ایف آئی اے نے ہنڈی حوالہ میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائیاں شروع کر دیں ڈپٹی ڈائریکٹر مردان سرکل نے خفیہ اطلاع پر ریڈنگ ٹیم تشکیل دی۔ ریڈنگ ٹیم نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے شیرگڑھ مردان سے ملزم ولید حسین کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے حوالہ ہنڈی سے متعلق رسیدیں اور لاکھوں مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی ملزم کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل پشاور افضل خان نیازی کی ہدایت پر ریڈنگ ٹیم نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے چوک یادگار پشاور سے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں عربستان اور صادق اللہ شامل ہیں ملزمان ہنڈی حوالہ کے کاروبار سے منسلک تھے۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے حوالہ ہنڈی سے متعلق رسیدیں اور 22 لاکھ سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گیے۔ مقدمات کی مزید تفتیش جاری ہے۔