کراچی (نیوز رپورٹر)مہاجرقو می موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئر مین شاہد فراز نے 6 ستمبر دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ 06ستمبرپاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن تصور کیا جاتا ہے،جب پاکستان کی مسلح افواج اورپاکستانی قوم نے بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی آزادی اور قومی وقار کے دفاع کیلئے جرات اور بہادری کا بھر پور مظاہرہ کرکے بزدل،مکاروعیار دشمن کے ناپاک اور گھنانے عزائم کو خاک میں ملادئیے تھے۔شاہد فراز نے کہا کہ ان فرزندان پاکستان کی بے مثال و لازوال قربانیوں کی بدولت آج ہمیں باوقار مقام حاصل ہے،جس کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے،17 روزتک جاری رہنے والی جنگ میں ہم عددی اور جنگی سازوں سامان میں کئی گنا کمزور اور کم ہونے کے باوجود ہمارے حوصلے اور جذبے چٹان سے زیادہ مضبوط اور فلک سے زیادہ بلند تھے جوانوں کے جوش کا یہ عالم تھا کہ وطنِ عزیز کیلئے جانیں نچھاور کرنے کیلئے بے قرار اور بے چین تھے یہ حقیقت ہے کہ جنگیں ہتھیاروں سے نہیں حوصلے ا ورجذبوں سے لڑی جاتی ہیں جسکی زندہ اور جاویدہ مثال 1965کی جنگ ہے۔ شاہد فراز نے کہا کہ بہادر اور باصلاحیت افواج و قوم نے نہ صرف دشمن کے تما م حربے خاک میں ملادئیے بلکہ بدترین شکست نے دشمن کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا،6ستمبر کوشروع ہونے والی جنگ کی جیت اور کامیابی بڑی اور اہم وجہ قوم اور مسلح افواج کی یکجہتی و اتحاد کے ساتھ ساتھ ملک سے محبت کا وہ جزبہ تھا جسے دیکھ کر دشمن دنگ رہ گیا تھا۔ شاہد فرازنے کہا کہ دشمن ہماری کامیابی کی وجہ سے بخوبی آگا ہ ہوچکا ہے جس کی بنا پر میدان جنگ میں ہمارے مقابلے میں آنے کے بجائے ہمارے اتحاد اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی سازش کو اپنی اولین ترجیح بنائے ہوئے ہے،جس کو تمام قوم نے ملکر ناکام بنانا ہوگا،قوم کا متحد اور منظم انداز دشمن کو ایک آنکھ نہیں بھاتا،جسے نقصان اور سبوتاژ کرنے کی نت نئی سازشیں رچانے میں لگارہتا ہے۔
جنگیں ہتھیار سے نہیں جذبوں سے لڑی جاتی ہیں،شاہد فراز
Sep 07, 2022