ملک کاایک کروڑ 62 لاکھ ایکڑ رقبہ کلر و تھور سے متاثر :سیکرٹری زراعت


ملتان (خبر نگار خصوصی ) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل سے آسٹریلین زرعی ماہرین کے وفد کی ملاقات۔ وفد میں ڈاکٹر نیل لزارو، ڈاکٹر مائیکل مچل سمیت ڈائریکٹرز زراعت ڈاکٹر صغیر احمد، ڈاکٹر غلام عباس، عبدالغفار گریوال، شہزاد صابر اور ایم این ایس زرعی یونیورسٹی سے ڈاکٹر عرفان بیگ و دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں زرعی زمینوں کے کلراٹھے پن کی روک تھام اور ان کے بہتر استعمال، زراعت میں جدت اور فصلوں کی پیداوار میں اضافہ سمیت دیگر زرعی ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً ایک کروڑ 62 لاکھ ایکڑ رقبہ کلر و تھور سے متاثرہ ہے جبکہ پنجاب میں یہ متاثرہ رقبہ تقریباً 65 لاکھ ایکڑ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی فوڈ سیکیورٹی اولین ترجیح ہے جبکہ ہائی ویلیو کراپس کی کاشت و ایکسپورٹ سے کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔ چولستان اور کوہ سلیمان کے 4 ہزار ایکڑ رقبہ پر زیتون کی کاشت کو فروغ دیا جارہا ہے۔ جبکہ کلراٹھی زمینوں میں فش اور چھینگا فارمنگ بھی کی جارہی ہے۔ اس موقع پر وفد کے شرکا نے بتایا کہ وہ پاکستان میں کلراٹھی اور شورزدہ زمینوں کی اصلاح کیلئے طویل المدتی منصوبہ شروع کرنا چاہتے ہیں جس پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے انہیں اپنے محکمہ کی طرف سے مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ڈائریکٹر مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ عبدالغفار گریوال اور ڈائریکٹر زراعت توسیع شہزاد صابر کو بھرپور ساتھ دینے کی ہدایت کی اور بہتر کوارڈینیشن کیلئے ڈائریکٹر زراعت توسیع ملتان کو فوکل پرسن بھی نامزد کردیا۔
سیکرٹری زراعت

ای پیپر دی نیشن