عزیز ہوٹل چوک پر بھی مظاہرہ، ڈی سی سے ڈرائیورز یونین رہنماﺅں کی ملاقات، یقین دہانی پر احتجاج ختم

Sep 07, 2022


ملتان (جنرل رپورٹر)رکشہ ڈرائیورز نے شہر کے مختلف علاقوں چونگی نمبر 9 ، چونگی نمبر 6 ، بائی پاس چوک اور رضا آباد چوک پر روڈ بلاک کر کے احتجاج اور نعرے بازی کی، احتجاج سے ٹریفک جام ہو گئی، گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔رکشہ ڈرائیورز کا کہنا تھا کہ مصنوعی قلت پیدا کر کے ایل پی جی مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہے جس پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر اور ایس پی گلگشت قاضی علی رضا نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور انہیں ایل پی جی کی مصنوعی قلت ختم کرنے اور حکومتی ریٹ پر دستیابی کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا اور بوسن و غوث الاعظم روڈ کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے امن پنجاب رکشہ ڈرائیورز یونین کے مرکزی صدر محمد سعید، ضلعی چیئرمین صوفی محمد صدیق، سرپرست اعلی ملک محمد شہباز، نائب صدر امیر نیازی سے ملاقات کی ،ڈی سی نے یقین دہانی کرائی کہ ایل پی جی مسائل حل کر نے کے لئے سنجیدگی سے نوٹس لے لیا ہے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیںاسلامی رکشہ یونین ملتان وجماعت اسلامی لیبرونگ ملتان کے زیراہتمام عزیز ہوٹل چوک پر ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے صدر این ایل ایف جنوبی پنجاب محمد عیسیٰ ،صدر جماعت اسلامی لیبر ونگ حافظ عبد الرحمن قریشی ،جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب حسنین فراز نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں 100 روپے فی کلو تک اضافہ نا منظور ہے گیس ڈیلرز نے ایل پی جی کی قیمت میں از خود 100روپے کلو تک کا اضافہ کیا ہے جو سراسر نا انصافی ہے۔ مظاہرین نے مہنگائی اور بد انتظامی کے خلاف نعرے بھی لگائے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ گیس سمیت تمام اشیاءضروریہ کنٹرول ریٹ پر فروخت کو یقینی بنائے ۔ مظاہرہ میں مہر عاشق سیال ، عبد الرحمان کاکا ، ابو بکر ، عرفان ڈوگر سمیت رہنماﺅں اور کارکنان نے شرکت کی۔
رکشہ ڈرائیورز احتجاج

مزیدخبریں