اسلام آباد(کامرس ڈیسک) ملک کے معروف غیر ملکی سرمایہ کار بیسٹ وے گروپ نے پاکستانی عوام کے لیے ایک ملین امریکی ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ بیسٹ وے گروپ لندن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں، گروپ کے سی ای او لارڈ ضمیر چوہدری، (CBE SI Pk) نے کہا کہ ،’’ہمارے بانی اور چیئرمین سر انور پرویز( OBE H Pk )کی جانب سے، میں پاکستان کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ بیسٹ وے گروپ حالیہ قومی سانحہ کے موقع پر ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ہماری دو جہتی حکمت عملی کے طور پر ہم ایک طرف تو فوری ریلیف فراہم کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب مقامی کاروباری اور مالیاتی اداروں کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے ،طویل المدتی پائیدار اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ہم اس سانحہ کے متاثرہ عوام کی بحالی کر سکیں"۔ مزید برآں بیسٹ وے گروپ لندن کی جانب سے آزاد ہول سیل اور ریٹیل نیٹ ورک کے ذریعے فنڈ ریزنگ مہم شروع بھی کی گئی ہے۔لارڈ ضمیر چودھری نے اعلان کیا ہے کہ بیسٹ وے گروپ 23 ستمبر 2022 کو سینٹرل لندن کے مقام پر ایک فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کرے گا جس میں 500 سے زائد لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔پاکستان میں، بیسٹ وے گروپ کے ذیلی اداروں، بیسٹ وے سیمنٹ لمیٹڈ اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ نے طبی کیمپ لگائے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کھانے کے پارسل، پکا ہوا کھانا تقسیم کر رہے ہیں اور بینکنگ کی ضروری سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ لارڈ ضمیر چودھری نے مصیبت کی اس گھڑی میں بہترین سروسز فراہم کرنے پر گروپ کے ملازمین کے تعاون کاشکریہ ادا کیا اور کہا کہ،’’یہ سب ہمارے ملازمین کے تعاون سے ممکن ہواہے جنہوں نے ان مشکل حالات میں اہم کردار ادا کیا اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے انتھک محنت کی۔ ہم اپنی مقامی کمیونٹیز کی خدمت کر رہے ہیں۔ ہمارے ملازمین کی صحت اور حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری سہولیات اور تعاون فراہم کر رہے ہیں کہ وہ محفوظ اورتندرست رہیں۔ مجھے اس بات پر بہت فخر ہے کہ وہ ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔‘‘ لارڈ ضمیر چوہدری کی قیادت میں بیسٹ وے گروپ نے خدمت کے جذبے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اب تک بائیس(22) ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کا عطیہ دیا ہے۔ کورونا کے حالیہ وبائی مرض کے دوران گروپ نے امدادی سرگرمیوں میںتعاون کے لیے خاطر خواہ رقم عطیہ کی ہے۔