اسلام آباد (خبرنگارخصوصی،نوائے وقت رپورٹ)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یوم دفاع اور شہداپر مادر وطن کیلئے جانوں کے نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور ہم ان کی قربانیوں کے مقروض ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع کے حوالے سے قومی یادگار شکرپڑیاں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی موجود تھے۔ نگران وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور یہاں یوم دفاع اور شہدا کی تقریب میں شرکت کیلئے موجود ہیں کہ ہم اپنے شہداکو بھولے نہیں ۔ اس قرض کی ادائیگی میں جو چھوٹا سانذرانہ ہم پیش کرسکتے ہیں وہ ان کی اور ان کے پیاروں کی تکریم ہے۔ شہادت ایک عظیم رتبہ ہے جس کا اللہ تعالیٰ کے ہاں بہت بڑا اجر ہے۔علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یوم دفا ع و شہدا کے سلسلہ میں شکر پڑیاں میں قومی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار میں صنعتوں کے حصے کو 12 فیصد سے بڑھا کر اس کی مکمل استعداد تک لانے کیلئے موثر حکمت عملی تشکیل دی جائے، معاشی ترقی اور صنعتی پیداوار بڑھانے کیلئے قومی صنعتی پالیسی جلد از جلد تشکیل دی جائے۔وزیراعظم نے وزارت تجارت کو کاروباری برادری اور لاجسٹکس کمپنیوں کے لئے بین الاقوامی تجارتی نقل و حمل کے نظام کے بارے میں آگاہی و تربیتی پروگرام منعقد کرانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے معاشی ترقی اور صنعتی پیداوار بڑھانے کے لئے قومی صنعتی پالیسی جلد از جلد تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم نے خسارے میں رہنے والے قومی ملکیتی اداروں کی نجکاری تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔ جبکہ نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے ہواوے پاکستان کے وفدنے چیف ایگزیکٹو افسر اتھان سن کی قیادت میں ملاقات کی۔ اتھان سن نے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا کہ ہواوے پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایکو سسٹم کی ترقی اور فروغ کے حوالے سے کام کر رہا وزیرِ اعظم نے ہواوے کی پاکستان میںانفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترویج کے حوالے سے اقدامات کوسراہا۔ وزیراعظم نے وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام کے فروغ کیلئے جامع منصوبے کی منظوری دی۔نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور نجکاری ڈویژن کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ ریونیو حکومتی مشینری کا اہم حصہ ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیکس اصلاحات کے لئے تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کریں ۔ نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ایسی سرکاری کارپوریشنز جو کہ نقصان میں جا رہی ہیں ان کی نجکاری کا عمل تمام تر قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے تیز تر کیا جائے اور تمام وفاقی وزارتیں نجکاری ڈویژن کیساتھ مکمل تعاون کریں۔
ٹیکس نیٹ بڑھانا ترجیح، منجکاری کیلئے قانونی تقاضے پورے کئے جائیں : وزیراعظم
Sep 07, 2023