گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ضلع کونسل ہال میں منعقدہ تقریب میں کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کی نعمتوں میں سے ایک ایسی نعمت ہے جس کی بدولت آج ہم ایک آزادملک میں اپنی مرضی اورآزادی سے سانس لے رہے ہیں، ہمارے بزرگوں نے انتھک کوششوں اورلازوال قربانیوں کے بعداس خطہ عرض کوحاصل کیا۔ آزادی کے تحفظ کیلئے ہم نے آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا،پاکستان کوخوشحال اورترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کیلئے ایمانداری، خلوص نیت، جانفشانی سے اپنے فرائض، ذمہ داریاں اداکرنا ہونگی،پاکستان کی آزادی، دفاع اورترقی میں تمام اقلیتوں نے بھی بھرپورکرداراداکیا، اقلیتوںکے حقوق کا ضامن اسلام اورآئین پاکستان ہے، تمام پاکستانی اپنے اقلیتی بہن بھائیوں کا خیال رکھیں۔تقریب میں شریک طلبا و طالبات نے پاک فوج سے یکجہتی اور وطن عزیز سے محبت کے اظہار کے لئے ملی نغمے، ٹیبلوز، تقاریر سے شرکا کا لہو گرمایا ۔