گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی ) کمشنر نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔قرآن کریم میں شہید کے بارے میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ جو لوگ اللہ کی راہ میں مارے جاتے ہیں وہ شہید ہیں اور شہید کا مرتبہ و مقام یہ ہے کہ وہ ہمیشہ زندہ رہیں گے اور تم شعور نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت پر مامور پاک فوج کے جوان ہمارے سروں کا تاج ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم ڈوثرنل پبلک سکول کے آڈیٹوریم ہال میں یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاک فوج کے بریگیڈیئر اشتیاق احمد،کرنل عباد،میجر سعد،کیپٹن مصطفی،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈیننس افضال قمر وڑائچ،پرنسپل ادارہ ساجد جمال خان،وائس پرنسپل،موٹیوشنل سپیکر یاسر عرفات کے علاوہ سکول کے دیگر اساتذہ اورطالبعلموں نے کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔