فیصل آباد: واسا میں گھوسٹ سیاسی بھرتیاں، 8 ارب کی ادائیگیوں کا انکشاف

Sep 07, 2023

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) واسا فیصل آباد سفید ہاتھی بن گیا۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران گھوسٹ اور سیاسی بھرتیوں کی مد میں 8 ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کردی گئیں۔ ایم ڈی واسا نے گذشتہ روز 700 سے زائد ورک چارج ملازمین کو خزانے پر اضافی بوجھ قرار دے کر نوکریوں سے فارغ کردیا جبکہ افسران، سیاستدان اور یونین لیڈرز گھوسٹ اور غیر ضروری تعیناتیوں کے لئے سرگرم ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئے تعینات ہونے والے ایم ڈی واسا نے محکمہ میں غیر ضروری اور اضافی بھرتیوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے 700 سے زائد ورک چارج ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کردیا تھا۔ واسا ذرائع کے مطابق ان گھوسٹ اور غیر ضروری تعیناتیوں کی مد میں ماہانہ 3 کروڑ سے زائد کی ادائیگیاں کی جارہی تھیں جو کہ واسا برداشت کرنے سے قاصر تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران سابق ادوار میں تعینات رہنے والے ایم ڈی صاحبان نے ذاتی پسند ناپسند، سیاسی بھرتیوں اور گھوسٹ تعیناتیاں کرکے خزانے کو 8 ارب سے زائد کا چونا لگایا ہے۔ نوائے وقت نے نئے تعینات ہونے والے ایم ڈی واسا عامر عزیز سے  موقف جاننے کے لئے رابطہ کیا مگر ایم ڈی واسا مؤقف دینے سے کتراتے رہے۔  برخاست  ورک چارج ملازمین کی اکثریت کا کہنا ہے کہ گزشتہ اور موجودہ ادوار میں بھی نئے تعینات ہونے والے ایم ڈی واسا چارج سنبھالنے کے بعد ان کو ہی نشانہ بناتے ہیں۔

مزیدخبریں