افغانستان کا ایشیائی گیمز میں 17 خواتین کھلاڑیوں کو بھیجنے کا فیصلہ

Sep 07, 2023

لاہور(سپورٹس ڈیسک )افغانستان کی اولمپک کمیٹی نے کہا ہے کہ وہ رواں ماہ چین میں ہونے والے ایشیائی گیمز میں 17 خواتین اتھلیٹس کو تین کھیلوں میں حصہ لینے کیلئے بھیجے گی۔ افغانستان کی این او سی نے کہا ہے کہ افغانستان چمکتا دمکتا رہے گا کیونکہ وہ ایشین گیمز کے مرحلے میں حصہ لینے والی خواتین اتھلیٹس کی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد پر فخر کرتا ہے۔ خواتین کھلاڑیوں کی ایک ٹیم کو بھیجا جائے گا جس میں کل 17 خواتین کھلاڑی اور تین شعبوں اتھلیٹکس، سائیکلنگ اور والی بال کی ٹیم کے عہدیدار شامل ہوں گے۔ خواتین اتھلیٹس کو تین سکالرشپس دیے گئے ہیں جو پیرس 2024 ء اولمپکس کی جانب ان کے شاندار سفر کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ایشیائی گیمز چین کے شہر ہانگ زو میں 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک منعقد ہوں گے۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے دسمبر میں طالبان حکمرانوں کو خبردار کیا تھا کہ 2024 ء کے پیرس گیمز میں ملک کی نمائندگی کیلئے خواتین اور نوجوان لڑکیوں کو کھیلوں تک محفوظ رسائی کی اجازت دی جائے۔

مزیدخبریں