لاہور: حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے 980 ویں عرس کے آخری روز زائرین کی جوق درجوق حاضری کا سلسلہ جاری ہے۔
عرس میں آنے والے زائرین کی ٹھنڈے دودھ اور لنگر سے تواضع کی جا رہی ہے. عرس کے آخری روز محفل سماع کے ساتھ ساتھ دیگر خصوصی محافل کا بھی انعقاد کیا جائے گا. عرس اور چہلم حضرت امام حسینؓ کے حوالے سے سخت سکیورٹی انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔عرس کے تیسرے روز بھی زائرین کی بڑی تعداد نے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں. یہ سلسلہ عرس کے اختتام تک جاری رہے گا، ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند شہر لاہور کے دور دراز علاقوں سے عقیدت مند ٹولیوں کی شکل میں ڈھول کی تھاپ پر دھمال ڈالتے ہوئے مزار پر پہنچ رہے ہیں۔عرس کا اختتام رات گئے خصوصی دعا کے ساتھ ہوگا .جس میں پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کی دعائیں کی جائیں گی، عرس کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں. سخت چیکنگ کے بعد ہی زائرین کو دربار میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں سکیورٹی انتظامات کے جائزے کیلئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور حیدر ناصر رضوی نے بھی داتا دربار کا دورہ کیا. انہوں نے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ کسی بھی شخص کو جامع تلاشی کے بغیر داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔