لاہور: بورڈ آف کرکٹ کنٹرول فار انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر راجر بینی اور نائب صدر راجیو شکلا پاکستان کا 2 روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔وطن واپسی پر بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر راجر بنی نے کہا کہ پاکستان میں تجربہ شاندار رہا. ویسی ہی میزبانی ملی جیسے 1984 میں ٹیسٹ میچ کے دوران ملی تھی۔انھوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ بادشاہوں جیسا برتاؤ کیا گیا، ہمارا وقت بہت اچھا رہا. ہمیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشلز کے ساتھ ملنے کا موقع ملا، ہمارے دورے سے سب بہت خوش تھے اور ہمیں بھی اس دورے سے بہت خوشی ہوئی۔صدر بی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مطالبہ تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ شروع ہونی چاہیے.ہم نے اْنھیں بتایا ہے کہ اس کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے، ہم وہی کریں گے جو ہماری حکومت کہے گی.یہ کرکٹ کا دورہ تھا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں تھا۔