لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں کچے کے علاقہ کی بدامنی کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن یک زبان ہوگئے۔ پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ممتاز چانگ نے کچے کے ڈاکوؤں سے اپنے جان کے خطرات اور املاک کی لوٹ مار سے ایوان کو آگاہ کیا۔ اپوزیشن والوں نے کچے کی بدامنی کا ذمہ دار نگران حکومت کی غلط پالیسیوں کو قرار دیا۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کچے کی خراب صورتحال کا ذمہ دار بزدار حکومت کو قرار دیدیا۔ ایوان میں سابق سیکرٹری ہیلتھ کے خلاف 70 ارکان کے دستخطوں سے تحریک استحقاق پیش کر دی گئی۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے کی تاخیر کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ پنجاب اسمبلی میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کے متعلقہ سوالوں کے جوابات وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے دیے۔ سردار شہاب الدین کی بات کا نوٹس لیتے ہوئے سپیکر کا کہنا تھا کہ وزیربلدیات چیک کریں کہ جو مویشی منڈیاں لگائی گئی تھیں ان پر چیک اینڈ بیلنس کا طریقہ کار کیا ہے؟ اپوزیشن رکن سردار شہاب الدین کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں کا معاملہ کلئیر ہونا چاہئیے اس میں بہت ابہام ہے، جس پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ دو ہزار اکیس کی حکومت نے مویشی منڈیوں کو مکمل طورپر فری کردیا تھا۔ حکومتی رکن احسن رضا خان نے صوبائی وزیر بلدیات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ گاؤں کوٹ میلہ رام جاتا رہتا ہوں کہا گیا صاف پانی موجود ہے جھوٹ ہے، سیوریج کا نظام موجود ہے جھوٹ ہے۔ یہ کہتے سٹریٹ لائٹ ہے جھوٹ ہے، یہ کہتے ہیں غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے سب جھوٹ ہے، حکومتی رکن کا کہنا تھا کہ وزراء اگر ایسے جھوٹ بولتے رہیں گے تو پنجاب کے مستقبل کا تو اللہ ہی حافظ ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کو بارہا کہا کہ عیسائی کے قبرستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، سپیکر کا کہنا تھا کہ عیسائی قبرستانوں کا مسئلہ ہے اپنے مردے دفنانے کی جگہ نہیں مل رہی، ایمرجنسی میں عیسائیوں کیلئے کام کریں مردہ خراب کرکے انہیں مردہ دفنانے کا موقع ملتا ہے،عیسائیوں کیلیے شہر سے باہر قبرستان ضرور بنائیں،جسپال سنگھ اور میڈم عائشہ کو پنجاب اسمبلی مہمان گیلری میں خوش آمدید کہتے ہیں، صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا نے کہا سکھ ہیر ٹیج کی بحالی کیلئے مریم نواز نے بجٹ دیا ہے،جس پر سپیکر نے کہا کہ یہ بڑے دکھ کی بات ہے کہ گوردوارے و مندر لاہور میں تباہ کردیئے گئے۔پیپلز پارٹی کے رکن ممتازچانگ بولے اپوزیشن رکن سجاد احمدنے ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہی حکومت تھی ان کا کہنا تھاکہ کچے میں الیکشن نہیں ہوسکتے آپریشن چل رہا ہے یہ مسئلے کو حل ہی نہیں کرنا چاہتے،یہ بتائیں کہ کچے کا آپریشن کب تک چلے گا۔
پنجاب اسمبلی : کچے کے علاقہ میں بدامنی کیخلاف حکومت اپوزیشن یک زبان
Sep 07, 2024