یادگار شہداپر حاضری ، قربانیا ں قوم کی ریڈلائن  کراس کرنا ، توڑناکسی محب وطن کو زیب نہیں دیتا مریم نواز

لاہور ( نیوزرپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یوم دفاع کے موقع پر کینٹ میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ وزیراعلی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی۔ خصوصی طور پر گفتگو میں انہوں نے کہا میرے لئے بہت اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ یوم دفاع پر شہداء کی یادگار پر آنے اور خراج عقیدت پیش کرنے، شہداء کی فیملیز سے ملاقات کرنے، اس باوقار تقریب میں شامل ہونے کا موقع ملا۔ قوم کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ بیرونی دفاع میں افواج پاکستان ایک بہت اچھا کام کررہی ہیں۔ افواج پاکستان جاگتی ہیں تو ہم سکون سے سوتے ہیں، ہمارے بارڈرز، فرنٹیئرز اور سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ ملک کا اندرونی دفاع ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ شہداء ہمارے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، ان کی عزت کی حفاظت، ان کی قربانی کا احترام ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ شہداء کی ماؤں کو خصوصاً خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہوں، ان سے میری ملاقات بھی ہوئی ہے۔ یہ ایک ایسا جذبہ ہے کہ ہم اسے سوچنا چاہیں تو اس جذبے کی عظمت کا احاطہ نہیں کرسکتے۔ ایک ماں اس بات کو سمجھ سکتی ہے کہ اس کا بچہ گھر سے باہر جاتا ہے، ماں انتظار میں ہوتی ہے، اس کی خیریت کے لئے دعا کرتی ہے، جب بچہ آتا ہے تو ماں سکون کی نیند سوتی ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ یہ جذبہ بھی ایک ناقابل تسخیر جذبہ ہے جب ماں اپنے بچے کو میدان جنگ میں ملک کی حفاظت کے لئے بھیجتی ہے۔ ماں جانتی کہ وہ اسے کہاں بھیج رہی ہے اور اس کے ساتھ کیا ہوسکتاہے، اس کو یہ پتہ ہوتا ہے کہ ایک دن اس کا جسد خاکی بھی واپس آسکتا ہے۔ ہمارے افسر اور جوان بہادری سے سرحدوں پر لڑتے ہیں۔ افواج پاکستان جس قربانی کے نظریے کے تحت اپنی جان کے نذرانے پیش کرتے ہیں اس جذبے کی آبیاری ماں کی گود سے ہوتی ہے۔ بہادری ماں کی گود سے جنم لیتی ہے، میں ان ماؤں اور والدین کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہوں۔ شہداء کی قربانیاں کسی بھی قوم کی ریڈ لائن ہوتی ہے، اسے کراس کرنا، اسے توڑنا، کسی بھی محب وطن انسان کو زیب نہیں دیتا۔ وزیراعلی نے اپنی گفتگو کے اختتام پر دعا کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالی پاکستان کو سلامت رکھے اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے شہداء کی فیملیز سے ملاقات کی، شہداء کے بچوں سے اظہار شفقت کیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے یومِ دفاع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دھرتی کے لیے جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ 6 ستمبر کا دن کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ہمارے جوانوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ثابت کیا کہ قومیں جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان و یقین سے جیتی جاتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج کا پاکستان مضبوط ہے اور دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ ایٹمی دھماکے کرنے والے محمد نواز شریف کو سلام پیش کرتی ہوں۔

ای پیپر دی نیشن