لاہور(نیوز رپورٹر)پنجاب حکومت نے ایک پلیٹ فارم سے تمام میونسپل خدمات کی فراہمی کیلئے اتھارٹی بنانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے مجوزہ پنجاب واٹر سپلائی، سیوریج، سینی ٹیشن، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی بنانے کیلئے 11 رکنی اعلی اختیاراتی کمیٹی قائم کی ہے جس کے سربراہ وزیر بلدیات ذیشان رفیق ہونگے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق، وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ، وائس چانسلر لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) پروفیسر علی چیمہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ہائوسنگ، لوکل گورنمنٹ، قانون، خزانہ کے سیکرٹری صاحبان، سی ای او اربن یونٹ اور کمشنر لاہور ’’پی ڈبلیو ایس ایس ایس ڈبلیو ایم اے‘‘ کمیٹی میں بطور ممبر شامل ہونگے۔ یہ کمیٹی عوام کو معیاری میونسپل خدمات کی فراہمی کیلئے اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے تجاویز تیار کریگی۔ وزیر بلدیات کی زیر صدارت ’’پی ڈبلیو ایس ایس ایس ڈبلیو ایم اے‘‘ کمیٹی کا پہلا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے لوکل گورنمنٹ خرم خان ورک سمیت تمام ارکان شریک ہوئے۔ سیکرٹری کمیٹی سید زاہد عزیز نے دنیا کے دیگر ممالک میں رائج ماڈلز پر بریفنگ دی۔وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز چاہتی ہیں عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا ہوں۔
پنجاب حکومت کا ایک پلیٹ فارم سے تمام میونسپل خدمات کیلئے اتھارٹی بنانے پر غور
Sep 07, 2024