گولڈن جوبلی ختم نبوتؐ کانفرنس آج ،مولانا فضل الرحمن دیگر علماء مشائخ خطاب کرینگے 

لاہور(خصوصی نامہ نگار) گولڈن جوبلی ختم نبوت کانفرنس مینار پاکستان لاہور آج بعدنماز عصر نہایت ہی تزک و احتشام سے منعقد ہونے جا رہی ہے۔ کانفرنس کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن سمیت ملک بھر کی دینی وسیاسی جماعتوں کے قائدین، مشائخ اورعلماء کرام تحریک ختم نبوت کے حوالہ سے تاریخ ساز خطاب کریں گے۔ مرکزی ناظم اعلی مفکر ختم نبوت مولاناعزیز الرحمن جالندھری اپنے رفقاء سمیت مرکز ختم نبوت مسلم ٹاؤن لاہور میں تشریف لا چکے ہیں۔ میزبانی میں مینارپاکستان کے وسیع وعریض گراؤنڈ میں ہونیوالی یوم الفتح گولڈن جوبلی ختم نبوت کانفرنس امیر مرکزیہ پیر حافظ ناصرالدین خاکوانی اور نائب امیر مرکزیہ مولانا صاحبز ادہ عزیز احمد کی صدارت میں ہو رہی ہے۔ گراؤنڈ کی داخلی سلامتی کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے فرائض ضلعی انتظامیہ، مقامی انتظامیہ اور خفیہ اداروں کے اہلکار سر انجام دے رہے ہیں۔ مرکزی قائدین ناصرالدین خاکوانی، مولانا صاحبزادہ خواجہ عزیز احمد ودیگراور کانفرنس کے منتظم اعلی مولانا عزیز الرحمن ثانی کانفرنس کی متعدد کمیٹیوں کی مختلف امور میں سرپرستی اور نگرانی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔منتظمین کا کہنا ہے کہ کانفرنس عقیدہ ختم نبوت کی ترویج واشاعت،قادیانیت کے متعلق آئینی ترامیم اور عدالتی فیصلوں کا تحفظ اور مختلف زبانوں میں تقدیس رسالت کے فروغ کیلئے سنگ میل ثابت ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن