نیروبی(نوائے وقت رپورٹ) کینیا میں بورڈنگ سکول کے ہاسٹل میں خوفناک آگ بھڑک اْٹھی جس میں بری طرح جھلس کر 5 سے 12 سال کے 17 طالب علم ہلاک اور 13 شدید زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ افسوناک سانحہ کینیا میں نیری کاؤنٹی کے ہل سائیڈ اینڈاراشا پرائمری سکول میں پیش آیا۔ زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔ زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جن میں سے 7 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جس پرائمری سکول میں آگ لگی وہاں تقریباً 800 طلبا زیر تعلیم تھے جن میں سے اکثریت ہاسٹل میں ہی رہتی تھی۔ طلبا کی عمریں 5 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔ پولیس کی ترجمان ریسیلا اونیاگو نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ کینیا کے صدر ولیم روٹو نے اس سانحہ کو ‘‘تباہ کن’’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کینیا ریڈ کراس کا علمہ طلبا، اساتذہ اور متاثرہ خاندانوں کو نفسیاتی معاونت کی خدمات فراہم کر رہا ہے اور اس نے سکول میں ایک ٹریسنگ ڈیسک بھی قائم کیا ہے۔