بجلی پر ریلیف نہ ملا تو سول نافرمانی تحریک شروع کر سکتے ہیں: حافظ نعیم 

Sep 07, 2024

گوجرانوالہ؍ لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 16دن رہ گئے، راولپنڈی معاہدہ پر عمل درآمد نہ ہوا تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہو گی، ہمارا جو بھی لائحہ عمل ہوا پھر شہباز شریف اس کی شکایت نہ کریں، حکمرانوں کی عیاشیوں اور آئی پی پیز کا بوجھ اب عوام نہیں اٹھائیں گے،  بجلی پر ریلیف نہ ملا تو سول نافرمانی کی تحریک شروع کر سکتے ہیں۔  تین دن کی ہڑتال پر تاجروں سے مشاورت جاری ہے، پورا ملک بند، پہیہ بھی جام ہو گا، پنجاب میں جو بھی ریلیف ملا کریڈیٹ جماعت اسلامی کا ہے، ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی حکومتوں نے آئی پی پیز کو تحفظ فراہم کیا، یہ لوٹ مار میں برابر کے شریک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب اور ممبرشپ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملک پر بھی فارم 47والوں کو مسلط کیا گیا ہے۔  اکتوبر میں دس لاکھ بچوں اور بچیوں کو فری آئی ٹی کورس کروائیں گے، انشاء اللہ جماعت اسلامی آنے والے دنوں میں بڑی قوت بن کر سامنے آئے گی۔  پچاس لاکھ ممبر شپ کا ٹارگٹ رکھا ہے، اس حدف کو پورا کیا جائے گا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج 6 ستمبر ہے، یوم دفاع پاکستان ہے اور جماعت اسلامی وہ جماعت جس نے نظریہ پاکستان کے دفاع کے لیے جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔

مزیدخبریں