تحفظ ختم نبوت کے اصل ہیرو ذوالفقار بھٹو، جان دیدی، ایمان کا سودا نہیں کیا: علامہ زبیر ظہیر 

Sep 07, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ تحفظ ختم نبوت کے اصل ہیرو قائد عوام، ذوالفقار علی بھٹو ہیں۔ جنہوں نے آبروئے محمد ﷺ اور ناموس رسالت کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا مگر اپنے ایمان کا سودا نہیں کیا۔ صحیح معنوں میں عشقِ رسول اور محبت رسول کا تقاضہ پورا کر کے شفاعت رسول کے مستحق بن گئے۔ وہ  جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ میں عظیم الشان ختمِ نبوت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کے علاوہ پروفیسر عدنان فیصل، مولانا عبد الحفیظ اوکاڑوی، علامہ فیاض احمد سلفی، اور حافظ ذوالقرنین محمدی نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ 7 ستمبر 1974 کو پاکستان کی قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر قادیانیوں، مرزائیوں کو غیر مسلم قرار دے دیا۔ یہ ایسا عظیم الشان اور تاریخی فیصلہ ہے جو تمام مکاتبِ فکر کے تمام اکابرین اور محمد عربی کے دیوانوں اور پروانوں کی مشترکہ اور متحدہ تحریک کا ثمر تھا جس پر امت رسول کو ہمیشہ فخر رہے گا۔ عشقِ رسول کی اس بے مثال جدو جہد میں مسلمانوں کے تمام مکاتبِ فکر نے بھڑ چڑھ کر حصہ لیا۔ کوئی بھی دوسروں سے پیچھے نہیں رہا۔ 

مزیدخبریں