لاہور (نوائے وقت رپورٹ) قومی احتساب بیورو (نیب)، لاہور کے ڈائریکٹر جنرل امجد مجید اولکھ نے نیب لاہور بیورو میں ماہانہ کھلی کچہری لگائی جس میں خیابانِ امین ہائوسنگ سوسائٹی، پروفیشنل کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی، بن عالم ہائوسنگ سوسائٹی، گولڈ ہومز، پام وسٹہ ہائوسنگ، اومیگا ہائوسنگ پراجیکٹس، امپریل سمارٹ سٹی، الحرم سٹی، گرینڈ ایونیو ہائوسنگ، یو بی ایل کوآپریٹو ہائوسنگ اور تھیم پارک ویو سٹی کے متاثرین نے دادرسی کیلئے شرکت کی۔ علاوہ ازیں پونزی سکیموں کے شکار متاثرین میں سولر پینلز سکینڈل، پرائم زون ایل پی جی سکینڈل، فار یو ریئل ٹریڈرز اور المعروف ڈبل شاہ سکینڈل کے متاثرین نے شرکت کی۔ ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے کہا کہ نیب لاہور ایڈن سکینڈل میں ملزمان سے موصول 1 ارب 30 کروڑ مالیت پر مشتمل تیسری قسط متاثرین میں تقسیم کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں پاک عرب ہائوسنگ سکینڈل میں 560 ملین کی رقم متاثرین میں تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ عوام جعلی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے بعد پونزی سکیموں کے نشانہ پر ہیں جن سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ نیب جعلی ہائوسنگ سوسائٹیوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کر رہا ہے۔ اس موقع پر ڈی جی نیب نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب لیفٹینٹ جنرل (ر) نذیر احمدکی واضح ہدایات ہیں کہ تمام کیسز میں عوام کے نقصانات کا ازالہ یقینی بنایا جائے۔ متاثرین نے ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ کے اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
پونزی سکیموں، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا نیٹ ورک توڑنا مشن: ڈی جی نیب
Sep 07, 2024