اترپردیش (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک سکول میں طالب علم کی جانب سے بریانی لائے جانے پر اسے سکول سے نکال دیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے ضلع امروہہ میں ایک 7 سالہ بچے کو مبینہ طور پر نان ویج (گوشت والی) بریانی لانے پر اسے سکول سے نکال دیا گیا۔ بچے کی والدہ کی جانب سے سکول پرنسپل کی شکایت پر معاملے کی تحقیقات کیلئے امروہہ کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ طالب علم کی والدہ نے پرنسپل پر الزام لگایا کہ ان کے بچے کو مبینہ طور پر مارا پیٹا اور ایک خالی کمرے میں بند کر دیا گیا، جس کی پرنسپل نے تردید کی ہے۔ سکول پرنسپل کی جانب سے بچے کے بارے میں توہین آمیز کلمات بھی ادا کیے گئے اور اسے پڑھانے سے منع بھی کردیا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد امروہہ کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے ضلعی انسپکٹر آف سکولز اور بیسک شکشا ادھیکاری کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا۔