پہلے دن سے کہہ رہا ہوں 9 مئی تحقیقات کے معاملے پر دیر کی جا رہی ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی 

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ این این آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے یومِ دفاع پر شہداء، ہیروز اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ملک و قوم کی بقاء  کے لئے پاک فوج کی بے مثال قربانیوں کی یادگار ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں 06ستمبر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ جو ہمیں قومی وحدت، عزم اور مضبوط دفاع کی یاد دلاتا ہے۔ آج ہم ان ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے 06ستمبر 1965کو ہماری سرحدوں پر حملہ آور دشمن کے خلاف بے خوف ہو کر لڑتے ہوئے شکست فاش دی اور خون سے وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ افواج پاکستان اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام صلا حیتیں رکھتی ہے۔ ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں نو مئی کی تحقیقات کے معاملے پر دیر کی جارہی ہے ،کیا انوسٹی گیشن اور پراسیکیوشن کو اتنے بڑے جرم کی ٹریل ڈھونڈنے میں مشکل ہو رہی ہے، عدالتوں کے اندر کچھ بات کرتے ہیں باہر کوئی کرتے ہیں اور نتیجہ سیاسی نکالتے ہیں یہ تماشہ لگا ہوا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ فوج کی عزت و توقیر پر حملے سے بڑا کوئی قبیح جرم نہیں ،کارکنوں کو جتھوں میں تبدیل کر کے ایک ہی دن 29ملٹری تنصیبات پر حملہ کرنا یہ جامع حملہ منصوبہ بندی کے بغیر ممکن نہیں ۔کچہری چوک سے عدلیہ کی حمایت میں ریلی کے نام پر لوگ انہی راستوں سے نکل کر پہنچے تھے، تین تین روٹس ترتیب دیتے ہیں ، انہیں پتہ ہوتا ہے کون سے راستے کور کمانڈر ہائوس جاتے ہیں،ریڈیو پاکستان پشاور میں آزادی کا سب سے بڑا نشان تھا جسے جلا کر راکھ کر دیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ وجوہات تلاش کرنا میرا کام نہیںہے میں آپ کو پوزیشن بتا رہاہے کہ ملک ،عدالت ،معیشت اور سیاست کے خلاف جو تانے بانے بنے گئے وہ 2014سے چلتے چلتے 2024تک آ گئے اور آپ حق سچ بات کرنے سے خاموش ہیں، کبھی آپ انسانی حقوق کبھی آپ بنیادی انسانی حقوق کے پیچھے چھپ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوامی جماعت ہیں اور ہمہ وقت الیکشن کے لئے تیار رہتے ہیں، ہم بات کرتے ہیں کہ اس ملک کے اندر سیاسی استحکام آئے، آپ کو فرق نکالنا ہے کہ کون سی فورسز ہیں جو عدم استحکام کے لئے ساری جان مار رہے ہیں، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔

ای پیپر دی نیشن