یوم دفاع: شہداء کو زبردست خراج عقیدت، گھروں میں جاکر وزراء کا لواحقین سے اظہار ہمدردی 

Sep 07, 2024

 اسلام آباد (خبرنگار خصوصی ) یوم دفاع پاکستان کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی کابینہ کے ارکان نے  شہداء کے مزاروں پر حاضری دینے کے ساتھ ساتھ شہداء کے گھروں کا دورہ کیا اور اہل خانہ سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر کابینہ کے ارکان نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد لغاری نے شہید لانس نائیک حسنین علی شاہ کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کراچی میں بحریہ قبرستان میں شہداء کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔  وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے راولپنڈی میں کرنل ریٹائرڈ بدرالدین سے ملاقات کی اور ان کے صاحبزادے  کیپٹن احمد بدر کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔  وزیر تجارت جام کمال حوالدار محمد منیر عباسی شہید کے گھر گئے اور شہید کے بچوں سے ملاقات کی۔  وفاقی وزیر عبد العلیم خان نے اسلام آباد میں شہید صوبیدار میجر محمد خورشید کی رہائش گاہ کا دورہ کیا ا ور شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔  وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب راولپنڈی میں لانس نائیک وقار حسین شاہ شہید کے گھرگئے اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔  وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے راولپنڈی میں لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان شہید کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور شہید کے لواحقین سے ملاقات کی۔ وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شیزا فاطمہ خواجہ نے  لاہور میں کیپٹن محمد علی قریشی شہید کے گھر جا کر لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔  مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور رانا ثناء اللہ شہید کیپٹن نوابزادہ جاذب رحمان کے گھر گئے اور شہید کیپٹن جاذب کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔  وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجینئر  امیر مقام نے حویلی کہوٹہ میں شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کوئٹہ میں شہید میجر جلال الدین کے گھر جا کر شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر قانون و انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے میجر ہمایوں جہانزیب شہید کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور میجر ہمایوں جہانزیب شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے بھی میجر عثمان اللہ شہید کے گھر جا کر شہید کے لواحقین سے ملاقات کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کے گھر جا کر شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

مزیدخبریں