تحفظ ختم نبوت ودفاع پاکستان کانفرنس ، ناموس رسالت کا تحفظ ایمان کا حصہ ہے : مقررین

لاہور (خصوصی نامہ نگار ) عالمگیر ی بادشاہی مسجد لاہور میں مجلس علماء  پاکستان کے زیر اہتمام تحفظ ختم نبوت و دفاع پاکستان کانفرنس چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت  ہوئی۔ کانفرنس کی سرپرستی مجاہد ختم نبوت حضرت مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی مرکزی رہنما  عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت پاکستان نے کی۔ جبکہ اس کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء  کرام و مشائخ عظام نے شرکت و خطاب کیا۔ کانفرنس سے مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام الانبیاء  حضرت محمد مصطفیؐ کو اللہ تعالیٰ نے پوری کائنات انسانی کیلئے اور سارے جہانوں کیلئے رحمت للعالمین اور خاتم النبیین  بناکر مبعوث فرمایا، عقیدہ تحفظ ختم نبوت کیلئے پوری امت مسلمہ باہم متحد و متفق ہے، ناموس رسالت  کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، 7ستمبر 1974ء  کو قومی اسمبلی میں وزیر اعظم  ذوالفقار علی بھٹو شہید کا تحفظ ختم نبوت کے بل کو منظور کرنا تاریخی فیصلہ تھا، جس میں قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا۔ آج 6ستمبر یوم دفاع پاکستان ہے، 6ستمبر 1965ء  جنگ میں افواج پاکستان کے جوانوں نے بڑی جرات اور بہادری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا۔ آج پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے تمام ادارے ملک و قوم کیلئے باعث فخر ہیں۔ پوری قوم اپنی بہادر، نڈر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ مجاہدختم نبوت حضرت مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اسلام اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا، جو لاکھوں انسانوں کی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا، پاکستان حضور نبی کریم ﷺ  کے عاشقان و فدایان کی سرزمین ہے، تحفظ ختم نبوت کا عقیدہ اسلام کا وہ بنیادی عقیدہ ہے جس پر پورے دین کا انحصار ہے۔ دیگر مقررین علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت کاتحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، پاکستان کی حفاظت کیلئے ہم سب ایک ہیں، اللہ تعالیٰ وطن عزیز پاکستان کو ہر اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ فرمائے۔

ای پیپر دی نیشن