پختونخوا: نواز شریف نے تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کیلئے خود غرضی کی: اعجاز احمد

Apr 08, 2010

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (رپورٹ خواجہ فرخ سعید) بزرگ مسلم لیگی میجر (ر) اعجاز احمد خان نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ کا کوئی مستقبل نہیں ہو گا، انہوں نے حامد ناصر چٹھہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے دھڑے میں شامل ہونے کا گناہ نہ کریں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی خالق جماعت مسلم لیگ کو ایک کرنے کیلئے مجید نظامی کی کوششوں کو تمام مسلم لیگی قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ مسلم لیگی دھڑوں کے لیڈر ذاتی انا کے بت توڑ کر مسلم لیگ کو ایک کر دیں۔ اس وقت بھی مسلم لیگی دھڑوں ن، ق، فنکشنل، ہمخیال کے ووٹ اکٹھے کر لئے جائیں تو کسی بھی سیاسی جماعت کے ووٹوں سے زیادہ ہیں۔ نواز شریف نے پختونخوا کے حوالے سے لچک نہیں دکھائی بلکہ تیسری مرتبہ وزیراعظم نہ بننے کی شرط ختم کروانے کے لئے خود غرضی کی۔ پختونخوا نام کے ساتھ آگے جو مرضی لگا لیں مسلم لیگیوں کو پختونخوا نام قبول نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان وقت میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے 17 ویں ترمیم کے خاتمے کے لئے اے این پی کی دھمکی کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے جو کہ ان کی بہت بڑی غلطی ہے کاش وہ اپنے فیصلے سے رجوع کر لیں اگر صوبہ سرحد کا نام خیبر پختونخوا پارلیمنٹ نے منظور کر لیا تو نواز شریف کو مسلم لیگی کبھی معاف نہیں کریں گے۔
مزیدخبریں