”بجلی بحران سنگین ہوگیا‘ ایرانی پیشکش کا مثبت جواب کیوں نہیں دیا جا رہا“ سینٹ میں حکومت پر تنقید

اسلام آباد (ایجنسیاں) سینٹ میں ارکان نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی دعووں کے برعکس بجلی کا بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے‘ سستی بجلی کی فراہمی کے حوالے سے ایران کی پیشکش پر حکومت مثبت جواب نہیں دے رہی۔ قائم مقام چیئرمین سینٹ جان محمد جمالی نے ایم ڈی پی آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ سینٹ کی دفاعی کمیٹی میں آ کر پی آئی اے کی کارکردگی اور آمدنی و نقصان کے حوالے سے مکمل بریفنگ دیں اور وزیر دفاع کو بھی دفاعی کمیٹی میں جواب دینے کا پابند کیا جائے۔ بدھ کے روز نکتہ اعتراض پر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ بجلی بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے اور کارخانے بند ہو رہے ہیں‘ ایران نے 8 سینٹ فی یونٹ بجلی فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے مگر ہماری حکومت نے اس پیشکش کا آج تک جواب نہیں دیا۔ پروفیسر خورشید نے کہا کہ امریکہ ایران سے ہمارے تعلقات بہتر ہوتے نہیں دیکھنا چاہتا اس نے بھارت پر دباو ڈال کر گیس پائپ لائن منصوبے سے بھارت کو نکال دیا‘ ہماری حکومت عالمی معاہدے کرنے میں امریکی دباو اور تابعداری سے نکلے اور ملکی مفاد میں دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدے کئے جائیں۔ اسماعیل بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے ایران سے ملحقہ علاقوں میں ایران سے بجلی خرید کر کمی پوری کی جا سکتی ہے مگر حکومت توجہ نہیں دے رہی۔ گلشن سعید نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا گیا ہے مگر وزیر پانی و بجلی بالکل مطمئن نظر آتے ہیں جیسے ہر طرف بجلی ہی بجلی ہو۔ ارکان نے کہا کہ وزیر پانی و بجلی کو ایوان بالا میں طلب کیا جائے اور ایران سے بجلی کے معاہدے میں رکاوٹوں کے حوالے سے حکومت اپنی پوزیشن کی وضاحت کرے۔ ارکان نے ایران سے گیس معاہدے میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ وقفہ سوالات کے دوران احمد مختار نے بتایا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل 31 دسمبر 2012ءتک ہو جائے گی۔ پی آئی اے نے حج آپریشن 2008ءکے دوران 10 ہزار 51 ملین روپے کا منافع کمایا جبکہ 2009ءمیں 8 ہزار 200 ملین روپے منافع کمایا‘ اخراجات کی مد میں دو سالوں کے دوران 13 ہزار 340 ملین روپے خرچ ہوئے۔ ڈپٹی چیئرمین نے گوادر ایئر پورٹ کی تعمیر میں تاخیر اور ملک کے مختلف حصوں میں پی آئی اے کی فلائٹس کی بندش سے متعلق معاملات کو قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے سپرد کر دئیے۔ ڈپٹی چیئرمین نے سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے اعلیٰ حکام کو کمیٹی میں طلب کرنے کی رولنگ جاری کی اور اپنی آبزرویشن میں کہا کہ پی آئی اے سپر پاور ہے۔ وزیر دفاع جو کہ اس ادارے کے چیئر مین ہیں کچھ نہیں کر سکتے۔ اصل کر تا دھرتا پی آئی اے والے خود ہیں۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اخراجات میں اضافہ کی وجہ سے چھاونیوں میں نئے سکولوں اور کالجز کا منصوبہ متاثر ہوا ہے۔ نکتہ اعتراض کے جواب میں وزیر مملکت صنعت و پیداوار آیت اللہ درانی نے کہا کہ ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں‘ عالمی منڈی میں چینی کی قیمت کم ہوئی ہے‘ ملک میں بھی چینی سستی کی جائے گی۔ ٹی سی پی نے چینی کی خریداری میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔ مارکیٹ اور یوٹیلٹی سٹورز کے ریٹ میں 27 روپے کا فرق ہے‘ یوٹیلٹی سٹور سے چینی خرید کر دکانوں پر فروخت کرنے والے مافیا کی نگرانی بھی کی جائے گی۔ اگر چینی کی قیمت 40 سے 42 روپے فی کلو کر دیں تو شوگر ملز بھی دیوالیہ ہو جائیں گی۔ دریں اثناءسٹیٹ بنک کے مرکزی بورڈ آ ف ڈائریکٹرز کی دوسری سہ ماہی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ ایوان نے ادارہ برائے خلائی ٹیکنالوجی کے قیام کے بارے میں بل 2010ءکو اتفاق ر ائے سے منظور کر لیا۔ ڈپٹی چیئرمین نے سینٹ سیکرٹریٹ کو ہدایت کی کہ پریس گیلری میں ایجنڈا فراہم نہ کئے جانے کا نوٹس لیا جائے اور فوری طور پر ایجنڈا اور وقفہ سوالات کی کاپیاں فراہم کی جائیں۔ قومی اسمبلی میں آج 18ویں ترمیم پر رائے شماری کے پیش نظر سینٹ کا اجلاس جمعہ تک ملتوی کر دیا گیا۔ رحمن ملک نے بتایا کہ حکومت تمام شہریوں کی ڈی این اے کی تفصیلات سے متعلق نیشنل ڈیٹا بیس کی تیاری کے لئے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...