انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں ایک سیمینار کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتےہوئےکیا۔ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کریں گے تاہم حکومت کے پاس وسائل کم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال کے لئے بجٹ کی تیاری کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور اس میں تاجروں، صنعتکاروں اور سیاسی جماعتوں کی تجاویز کو بھی اہمیت دی جائے گی۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ اس سال ملک میں گندم کی پیداوار ڈھائی کروڑ ٹن سے زیادہ رہے گی جبکہ ترسیلات زر گیارہ ارب روپے سے تجاوز کرجائیں گی۔ حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں ترقی کی شرح ڈھائی سے تین فیصد تک رہے گی جبکہ اگلے مالی سال کا بجٹ بھی ترقی کے اہداف کو مد نظر رکھ کے بنایا جائے گا۔ انہوں نےکہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر قسم کی آمدنی بشمول زراعت کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے۔