صدر زرداری اجمیر شریف میں درگاہ حضرت معین الدین چشتی غریب نواز پر پہنچے تو درگاہ کے پہلے دروازے نظام گیٹ پر صدر زرداری کا شہنائی بجا کر شاندار استقبال کیا گیا۔انجمن کمیٹی کے سیکر ٹری نے آگے بڑھ کر انہیں خوش آمدید کہا۔ صدر اور انکے وفد کی آمد کے موقع پر درگاہ میں خصوصی طور پر سرخ کارپٹ بچھایا گیا ہے۔صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری درگاہ پر حاضری کیلئے روائتی کرتہ پاجاما میں ملبوس تھے جبکہ صدر نے روائتی سندھی ٹوپی بھی پہن رکھی تھی۔درگاہ انتظامیہ کی جانب سے اعزازی طور پر صدر کو چاندی سے بنا درگاہ کے گنبد کا ماڈل بھی پیش کیا گیا۔ درگاہ کے منتظمین میں سے سید اقبال کپتان اور انکے دو بیٹوں کو صدر زرداری اور انکے وفد کو درگاہ کی زیارت کروانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔صدر زرداری نے درگاہ پر حاضری دیکر دعا مانگی اور شکرانے کے نفل ادا کئے۔صدر نے دوران زیارت درگاہ کیلئے دس لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا۔