”15 دن بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ مزید مشکلات پیدا کریگا“

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ہر پندرہ دن بعد جائزہ لینے کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ قیمتوں کا جائزہ سہ ماہی بنیادوں پر لیا جائے وگرنہ حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید خرابی کی طرف جائیں گے۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان قیصر شیخ نے اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلے کو افراط زر کی شرح بڑھانے کا فارمولا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے معاشی سرگرمیوں کو بُری طرح دھچکا لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جب توانائی کے سنگین بحران کی وجہ سے سڑکوں پر شدید مظاہرے ہورہے ہیں، صنعتیں بند اور بڑے پیمانے پر بے روزگاری ہورہی ہے، کمیٹی کو حالات سدھارنے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں تھے لیکن وہ اس کے اُلٹ اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے ہر پندرہ دن بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لینے کا فیصلہ شدید مشکلات پیدا کرے گا کیونکہ کاروباری برادری کے لیے یہ ممکن ہی نہیں ہوگا کہ وہ طویل المدت منصوبہ بندی کر اور اپنی پیداواری لاگت کا اندازہ لگا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی عالمی منڈی کا بہت سا حصہ کھوچکا ہے جبکہ اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی کا فیصلہ رہی سہی کسر بھی پوری کردے گا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے مطالبہ کیا کہ فیول ایڈجسمنٹ کے اِس نئے فارمولے کو فی الفور ختم کیا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ کم از کم تین ماہ کے بعد لیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن