لاہور (خبر نگار) سابق وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار نے 12اور14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو پیپلز پارٹی کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی پارٹی کے کہنے پر موجودہ وزیر پانی وبجلی اور سیکرٹری ایسا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کو کم سے کم کرنے کے لئے کافی فنڈز مختص کئے تھے تاکہ بجلی کی پیدا وار 1400میگا واٹ کے ارد گرد رہے جس سے لوڈشیڈنگ کم سے کم ہو گی۔ ملک میں موسمِ گرما کے شروع میں 12سے 14گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے آخری مہینے میں لوڈشیڈنگ دو سے چار گھنٹے تک رہ گئی تھی۔ جس کی بنیادی وجہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ، تقسیم کے بہتر انتظامات تھے۔انہوں نے ماہرین سے درخواست کی کہ وہ سابقہ اور موجودہ صورتحال کا تقابلی جائزہ لے کر عوام کو حقائق سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر پنجاب میں زیادہ لوڈشیڈنگ کا سختی سے نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہا ظاہر ہے کہ کوئی ایسا کھیل کھیلا جا رہا ہے تاکہ پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچانے کو کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ پیپلز پارٹی کی حمایت جاری رکھتے ہوئے انکے عزائم کوخاک میں ملادیں گے۔ اگر لوڈشیڈنگ کی صورتحال خاصی بہتر نہ ہوئی تو وہ جلد ہی حقائق سے پردہ اٹھائےں گے۔
”طویل لوڈشیڈنگ“ وزیر پانی کسی کے ایما پر ہمارے خلاف سازش کر رہے ہیں: احمد مختار
Apr 08, 2013