گکھڑ منڈی (نامہ نگار) مسلم لیگ (جونیجو) کے سربراہ حامد ناصر چٹھہ نے کہا ہے کہ میں نے میاں نوازشریف کی طرف مفاہمت کا ہاتھ مسلم لیگ کے اتحاد اور وقار کے لئے بڑھایا تھا۔ میاں نوازشریف کو اپنے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں کا ساتھ اسوقت دیا جب ان کے ساتھ کوئی نہ تھا۔ وہ یہاں سرمد ظہیر اور احمد ظہیر کی جانب سے منعقد کی گئی کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے 1970ءمیں سیاسی میدان میں قدم رکھا تو مسلم لیگ کو ہی اپنی سیاسی بنیاد سمجھا۔ اپنی کھیتی باڑی بھی کی اور ذوالفقار علی بھٹو اور غلام مصطفی کھر کی سیاسی مخالفت کا بوجھ بھی اٹھایا لیکن تمام فیصلے ملک و قوم اور مسلم لیگ کے مفاد میں کئے۔ انہوں نے کہا کہ محمد احمد چٹھہ کی صورت میں نوجوان قیادت وزیرآباد کو دی ہے۔ کارکن مسلم لیگ کو مضبوط بنائیں جو ہم سب کی شان اور روشن پاکستان کی ضامن ہے۔