ٹی ٹونٹی بلائنڈ ٹرافی: بہاولپور‘ آزاد کشمیر کی ٹیموں نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

Apr 08, 2013

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پی سی بی ٹی ٹونٹی بلائنڈ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بہاولپور اور آزاد کشمیر کی ٹیموں نے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ گذشتہ روز ٹورنامنٹ کے کھیلے جانے والے دو سیمی فائنلز میں بہاولپور نے اسلام آباد کو جبکہ آزاد کشمیر کی ٹیم نے پشاور کو شکست سے دوچار کیا۔ پہلے سیمی فائنل میچ میں بہاولپور کی ٹیم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جس نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 220 رنز بنائے۔ ذیشان گل نے 64 اور یاسر نے 28 نمایاں رنز بنائے۔ جواب میں بہاولپور ٹیم نے ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ حسین 70 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے جبکہ زوہیب نے 64 نمایاں رنز بنائے۔ آخر میں حسین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دوسرا سیمی فائنل آزاد کشمیر اور پشاور کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ پشاور کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 205 رنز بنا سکی۔ محسن نے 33 اور مسعود نے 31 رنز بنائے۔ جواب میں آزاد کشمیر کی ٹیم نے ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ نثار علی نے ناقابل شکست 143 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ نثار علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل آج آزاد کشمیر اور بہاولپور کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ 

مزیدخبریں