ملتان (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی اے) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سکروٹنی کا عمل سخت نہیں ہونا چاہئے تھا کیونکہ تجربے انسانوں پر نہیں بلکہ پہلے جانوروں پر کئے جاتے ہیں۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات حکومت کی ترجیح ہے جس کیلئے الیکشن کمشن کے قواعد و ضوابط پر عمل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن ہمارا اثاثہ ہیں تاہم نواب لیاقت علی خان کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ ذاتی ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارٹی کے ناراض رہنماﺅں کو منانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جس کیلئے شجاع آباد میں بھی مختلف کارکنوں کے گھر پہنچ کر ناراضگی دور کروں گا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے کہا جنوبی پنجاب میں انتخابی مہم تحصیل جلال پور سے شروع کر رہا ہوں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی حیثیت سے پہلے عوام میں گھل مل نہیں سکتا تھا، اب عوام میں ہوں۔ انہوں نے کہا لوگ سیاست میں ایک گیند سے 2-2وکٹیں گرانے کی بات کر رہے ہیں۔ میں نے 5سال کی اننگز کھیلی مگر آﺅٹ نہیں ہوا۔ میں دوبارہ آﺅں گا، لوگ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔ مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب کو صوبہ نہیں بننے دے رہی۔ لاہور والے جنوبی پنجاب میں آکر کس منہ سے ووٹ مانگیں گے۔
یوسف رضا گیلانی